معرکہ حق میں پاک فوج کی تاریخی کامیابی، بھارت پر الزامات بے نقاب ہو چکے ہیں، مسئلہ کشمیر حل کے قریب ہے: سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) 08 مئی 2026:- وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ اور صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ “معرکہ حق” میں پاکستان کی مسلح افواج نے دنیا کی تاریخ میں ایک شاندار اور فیصلہ کن کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ بھارت پہلگام واقعے کے الزامات کے باوجود آج تک کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کر سکا۔

آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام تین روزہ “آرٹس المنائی فیسٹیول 2026” کا شاندار افتتاح، 55 فارغ التحصیل طلبہ کو اسناد و اعزازات سے نوازا گیا

سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان کی جانب سے نہ صرف الزامات کو مسترد کیا گیا بلکہ بھارت کو غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی گئی، تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بعض شواہد کے مطابق پہلگام واقعے میں بھارت خود ملوث رہا ہے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی کی انفارمیشن سیکرٹری شرمیلا فاروقی، ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر جاوید ناگوری اور شکیل چوہدری بھی موجود تھے۔

سعید غنی نے کہا کہ 6 اور 7 مئی 2025 کو بھارت کی جانب سے پاکستان کے شہری علاقوں، مساجد اور مدارس پر حملوں کے بعد پاک فضائیہ، بحریہ اور بری فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی جارحیت کو ناکام بنایا۔ ان کے مطابق اس کارروائی میں بھارتی طیاروں کو شدید نقصان پہنچا اور خطے میں بھارت کی نام نہاد برتری کا خاتمہ ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف دفاعی بلکہ حکمت عملی کے لحاظ سے بھی بھرپور برتری ثابت کی، جس کے باعث بھارت کو بالآخر امریکہ کی مداخلت کے ذریعے جنگ روکنی پڑی۔

سعید غنی نے کہا کہ اس کامیابی کے بعد خطے میں طاقت کا توازن تبدیل ہوا ہے اور پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر نمایاں ہوا ہے اور اس کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ علاقائی و عالمی صورتحال میں پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا کردار ادا کیا ہے جبکہ مختلف عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔

9 مئی کے حوالے سے منعقدہ عوامی پروگرام پر بات کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سی ویو کلفٹن پر “نشان پاکستان” کے مقام پر ایک بڑا جشن منعقد کیا جائے گا جس میں نامور فنکار قومی، ملی اور علاقائی نغمے پیش کریں گے۔ اس تقریب میں لیزر شو اور آتشبازی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام صرف پیپلز پارٹی کا نہیں بلکہ تمام پاکستانی عوام کا ہے، اور شہریوں کو بھرپور شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور گزشتہ ڈیڑھ سال سے کوئی بڑا دہشت گردی کا واقعہ پیش نہیں آیا، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو، تاہم معمولی دشواری کے لیے پیشگی معذرت بھی کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!