کراٹے کی دنیا میں اہم پیش رفت، کیوکشن کراٹے ہیڈکوارٹر غالم اللہ انصاری ڈوجو کا شاندار افتتاح

کراچی :- ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی زمزمہ میں کیوکشن کراٹے کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل اس وقت عبور کیا گیا جب ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی جناب نوید انتھونی اور یوسی چیئرمین فرحان غنی نے کیوکشن کراٹے ہیڈکوارٹر “غالم اللہ انصاری ڈوجو” کا باقاعدہ افتتاح فیتہ کاٹ کر کیا۔

ناردرن بائی پاس پر قائم “عوام دوست منڈی” میں ریکارڈ توڑ رش، قربانی کے جانوروں کی تعداد سوا لاکھ سے تجاوز

افتتاحی تقریب میں ایسوسی ایشن کے صدر سلیم احمد صدیقی، ظفر درانی اور غالم اللہ انصاری نے مہمانوں کا پھولوں کے گلدستوں سے پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد پاکستان کیوکشن سینئر ماسٹرز ایسوسی ایشن کے رکن اعجاز خان نے تنظیم کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ ماسٹر شیہان انعام اللہ خان مرحوم، جو پاکستان میں کیوکشن کراٹے کے بانی تھے، ان کے ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے مختلف ڈوجوز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لیے پاکستان کیوکشن سینئر ماسٹرز ایسوسی ایشن قائم کی گئی ہے۔ ان کے مطابق ایسوسی ایشن کا مقصد تمام منسلک کلبز اور شاگردوں کو متحد کرنا اور انہیں نیشنل و انٹرنیشنل سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے۔

تقریب میں ملک کے مختلف شہروں سے معزز مہمانوں نے شرکت کی جن میں لاہور سے ارشد جان، اسلام آباد سے انتخاب عالم، سکھر سے انیس، حیدرآباد سے جنید دریشانی، سانگھڑ سے لیاقت آزاد اور کراچی سے وسیم ہاشمی، احمد علی ارجپوت اور نسیم قریشی سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

بعد ازاں تقریب میں کراٹے کی شاندار ڈیمانسٹریشن پیش کی گئی جس میں کیوکشن کراٹے کی بنیادی تکنیکس اور بریکنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ یہ پرفارمنس سینئر ماسٹر شیہان محمد طارق صدیقی کی قیادت میں پیش کی گئی جبکہ ان کی ٹیم نے بھرپور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر اشنا انتخاب نے اپنے شاندار کاتا کے ذریعے حاضرین سے داد حاصل کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نوید انتھونی نے کیوکشن سینئر ماسٹرز ایسوسی ایشن کی کوششوں کو نوجوانوں کے لیے خوش آئند قرار دیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔

اختتام پر سلیم احمد صدیقی، اعجاز خان، ظفر درانی اور غالم اللہ انصاری نے معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں جبکہ شرکاء نے اس نئے کراٹے مرکز کے قیام کو کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

One thought on “کراٹے کی دنیا میں اہم پیش رفت، کیوکشن کراٹے ہیڈکوارٹر غالم اللہ انصاری ڈوجو کا شاندار افتتاح

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!