کراچی (08 مئی 2026):- کراچی کے ناردرن بائی پاس پر قائم “عوام دوست منڈی” اس سال قربانی کے جانوروں کی آمد کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک بڑے تجارتی و تفریحی مرکز کے طور پر ابھر آئی ہے، جہاں مویشیوں کی مجموعی تعداد سوا لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کے مطابق ملک کے چاروں صوبوں، خصوصاً پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے خوبصورت اور قیمتی جانوروں کی مسلسل آمد جاری ہے، جس کے باعث منڈی میں خریداروں کا رش بھی غیر معمولی طور پر بڑھ گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق تنولی نے کہا کہ “عوام دوست منڈی اب صرف ایک مویشی منڈی نہیں رہی بلکہ یہ خریداری، تفریح اور فیملی سرگرمیوں کا مکمل مرکز بن چکی ہے۔ یہاں شہری مکمل سیکیورٹی کے ساتھ خریداری کر رہے ہیں اور بہترین سہولیات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔”
منڈی میں شہریوں اور خصوصاً بچوں کی دلچسپی کے لیے خصوصی تفریحی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ انچارج فوڈ اسٹریٹ راؤ فیصل کے مطابق جدید برقی جھولے، سرکس اور سنسنی خیز “موت کا کنواں” بھی منڈی کی رونقوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ منڈی میں قائم جدید فوڈ اسٹریٹ پر مختلف لذیذ اور معیاری کھانوں کی وسیع رینج دستیاب ہے، جس کے باعث شہری خریداری کے ساتھ ساتھ فیملی پکنک کا بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق منڈی میں سیکیورٹی، روشنی اور دیگر سہولیات کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے عوام دوست منڈی شہریوں کی پہلی پسند بنتی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی عوامی دلچسپی کے پیش نظر انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

