کراچی (اسپورٹس رپورٹر) 08 مئی 2026:- سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام سندھ اولمپک سیکریٹریٹ آفس، کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ کراچی میں مس ثنا علی کے اعزاز میں ایک پروقار اور شاندار تقریب منعقد کی گئی، جس میں کھیلوں سے وابستہ شخصیات، میڈیا نمائندگان اور مختلف اسپورٹس ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کراٹے کی دنیا میں اہم پیش رفت، کیوکشن کراٹے ہیڈکوارٹر غالم اللہ انصاری ڈوجو کا شاندار افتتاح
مس ثنا علی کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے کہ انہوں نے چھٹے ایشین بیچ گیمز (Sanya, China) میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی لیڈی شیف ڈی مشن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا، جو سندھ اور پاکستان دونوں کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
یہ اعزاز پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید اور جنرل سیکریٹری خالد محمود کی جانب سے سندھ کے حصے میں آیا، جس پر کھیلوں کی دنیا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری احمد علی راجپوت نے مس ثنا علی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی سندھ اور پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے اور اس سے خواتین کے کھیلوں اور انتظامی شعبوں میں کردار مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کامیابیاں نوجوان نسل خصوصاً خواتین کے لیے ایک روشن مثال ہیں کہ محنت اور لگن سے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن سے وابستہ مختلف گیمز کے سیکریٹریز، پریزیڈنٹس اور آفس اسٹاف نے بھی مس ثنا علی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
مس ثنا علی نے اپنے خطاب میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ اسے پوری ٹیم ورک اور اداروں کی معاونت کا نتیجہ سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی سندھ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔
تقریب کے اختتام پر 35ویں نیشنل گیمز کے آرگنائزرز، آفیشلز اور میڈیا نمائندگان میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ جن میں انجینئر محفوظ الحق، جمیل احمد، ندیم خان، میڈیا مینیجر محمد قمر خان اور میڈیا کوآرڈینیٹر کاشف احمد فاروقی شامل تھے۔
شرکاء نے اس تقریب کو پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور خواتین کی قیادت کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
