کراچی: اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (SIU) / سی آئی اے کراچی نے شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف 24 گھنٹوں کے دوران مؤثر اور مربوط کارروائیاں کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی۔
پہلی کارروائی کے دوران خاموش کالونی چوک، تھانہ گلبہار کی حدود میں چھاپہ مار کر 3 منشیات فروشوں مولا بخش، فوزیہ اور سکینہ کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1400 گرام آئس برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی گرومندر، تھانہ جمشید کوارٹر کی حدود میں کی گئی جہاں 2 ہیروئن ڈیلرز تصور اور بشیر کو گرفتار کیا گیا۔ دونوں ملزمان سے 510-510 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، جس کی مجموعی مقدار 1 کلو 20 گرام بنتی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان بلوچستان سے منشیات کراچی اسمگل کر کے شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے اور ایک منظم نیٹ ورک کے تحت سرگرم تھے۔
تیسری کارروائی ڈی ایچ اے فیز 6 خیابانِ بخاری میں کی گئی جہاں آن لائن منشیات فروشی میں ملوث ملزم فہد عمر ولد فاروق کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے 120 گرام آئس، 15 گرام ویڈ اور 4 گرام کوکین برآمد کی گئی۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم فہد عمر فلیٹ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے منشیات فروخت کرتا تھا۔
تمام گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس ایس پی ایس آئی یو نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو تباہ کرنے والے منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
