بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے گیلانی لاء کالج میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ایم-4 سیکٹر کے زیر اہتمام روڈ سیفٹی سے متعلق ایک اہم آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور محفوظ سفر کے کلچر کو فروغ دینا تھا۔
حیدرآباد: زرعی ترقیاتی بینک کا برانچ مینیجر فراڈ کیس میں گرفتار، 24 لاکھ روپے خردبرد کا انکشاف
سیمینار میں سیکٹر کمانڈر ایم-4 قلب عباس سپرا، قائم مقام پرنسپل ڈاکٹر فیض، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر موٹروے پولیس کے افسران نے شرکاء کو روڈ سیفٹی کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ صرف فرد کی اپنی بلکہ دوسروں کی زندگی کے تحفظ کے لیے بھی نہایت ضروری ہے۔
شرکاء کو خصوصی طور پر ہیلمٹ کے استعمال، سیٹ بیلٹ کی اہمیت، اوور اسپیڈنگ کے نقصانات، لین ڈسپلن کی پابندی اور دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ افسران نے کہا کہ معمولی غفلت بھی بڑے حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر روڈ سیفٹی اسٹال بھی قائم کیا گیا جہاں موٹروے پولیس کے جدید آلات کی نمائش کی گئی۔ افسران نے شرکاء کو ان آلات کے تکنیکی استعمال اور شاہراہوں پر نگرانی کے جدید نظام سے متعلق بھی تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
سیکٹر کمانڈر قلب عباس سپرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ و طالبات معاشرے میں تبدیلی کے سفیر ہیں اور وہ روڈ سیفٹی کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود بھی قوانین پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں تاکہ ایک محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
آخر میں شرکاء نے موٹروے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے عزم کا اعادہ کیا۔
