کراچی: پاک بحریہ نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بین الاقوامی بحری ذمہ داریوں کے تحت بحیرہ عرب میں ہنگامی صورتحال سے دوچار ایک تجارتی جہاز کو بروقت امداد فراہم کر کے انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔
موٹروے پولیس ایم-4 کا گیلانی لاء کالج میں روڈ سیفٹی سیمینار، طلبہ کو ٹریفک قوانین کی پابندی کی تلقین
ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (پاکستان نیوی) کے مطابق تجارتی جہاز ایم وی گوتم عمان سے بھارت جا رہا تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث سمندر میں پھنس گیا۔ جہاز پر چھ بھارتی اور ایک انڈونیشیائی شہری سمیت مجموعی طور پر سات عملے کے ارکان موجود تھے۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (MRCC) ممبئی نے پاکستانی حکام سے فوری رابطہ کیا اور ہنگامی امداد کی درخواست کی۔ اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی کے تحت جہاز "کشمیر” کو متاثرہ مقام کی جانب روانہ کیا۔
پی ایم ایس اے کے جہاز نے موقع پر پہنچ کر نہ صرف جہاز کے عملے کو ضروری خوراک اور امدادی سامان فراہم کیا بلکہ تکنیکی معاونت کے ذریعے جہاز کے نظام کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کیا، جس سے صورتحال کو قابو میں لایا گیا۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق یہ آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نیوی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بلا تفریق اور فوری ردعمل دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی نہ صرف پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو ظاہر کرتی ہے بلکہ سمندری حدود میں انسانی ہمدردی اور بین الاقوامی تعاون کے عزم کی بھی عکاس ہے۔ پاک بحریہ نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ خطے میں ایک ذمہ دار اور فعال بحری قوت کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔

