چین سے تصادم نہیں بلکہ بہتر تعلقات امریکا کے مفاد میں ہیں، صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ محاذ آرائی کے بجائے بہتر تعلقات قائم رکھنا امریکا کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے، جبکہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
فجیرہ حملہ ناقابل قبول، بھارت کا ایران پر شدید ردعمل، آبنائے ہرمز میں آزاد تجارتی رسائی کا مطالبہ

امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور چین کے درمیان مضبوط روابط موجود ہیں اور دونوں ممالک عالمی استحکام اور اقتصادی معاملات میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ لڑائی یا کشیدگی کے بجائے مثبت اور متوازن تعلقات رکھنا زیادہ سودمند حکمت عملی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سوال کے جواب میں ایران کی صورتحال پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فوجی اعتبار سے ایران تقریباً ختم ہو چکا ہے، جبکہ چین خطے میں ایران اور وینزویلا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کے درمیان تعلقات میں استحکام انتہائی ضروری ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز بڑھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ماہ چین کا اہم دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ متوقع ملاقات میں تجارت، ٹیکنالوجی، عالمی سلامتی اور ایران سے متعلق جاری صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور چین کے درمیان تجارتی اور جغرافیائی سیاسی تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، اور دونوں ممالک عالمی سطح پر تعاون اور مقابلے کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!