کراچی میں میٹرک امتحانات کے دوران سامنے آنے والی بے ضابطگیوں کے معاملے پر چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
گیس بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت کا بڑا ایکشن پلان، نئے آر ایل این جی کنکشنز عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق غلام حسین سوہو نے اپنا استعفیٰ سیکریٹری محکمہ بورڈز سندھ کو ارسال کر دیا ہے، جسے اب وزیر بورڈز کے ذریعے کنٹرولنگ اتھارٹی کو بھجوایا جائے گا تاکہ حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق امتحانات میں بے نظمیوں اور انتظامی غفلت سے متعلق قائم تحقیقاتی کمیٹی نے چیئرمین میٹرک بورڈ کو معطل کرنے اور ان کے خلاف اینٹی کرپشن قوانین کے تحت مجرمانہ کارروائی کی سفارش کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر غلام حسین سوہو کو معطل کیا جاتا تو وہ اپنے اصل ادارے فیڈرل بورڈ واپس نہیں جا سکتے تھے، اسی تناظر میں ان کے استعفے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اب کنٹرولنگ اتھارٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ غلام حسین سوہو کا استعفیٰ منظور کیا جائے یا ان کے خلاف مزید محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ حالیہ میٹرک امتحانات کے دوران انتظامی بے ضابطگیوں، پیپر مینجمنٹ اور امتحانی عمل سے متعلق مختلف شکایات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد محکمہ بورڈز نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
