دبئی ایئرپورٹ نے علاقائی کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال کے باوجود عالمی فضائی آپریشنز کو جاری رکھتے ہوئے لاکھوں مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کیں۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق 28 فروری سے 30 اپریل 2026 کے دوران تقریباً 60 لاکھ مسافروں نے دبئی ایئرپورٹ کا استعمال کیا۔
معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے، دشمن کو عزم و اتحاد سے شکست دی گئی، بلاول بھٹو زرداری
حکام کے مطابق اس عرصے کے دوران 32 ہزار سے زائد پروازوں کی آمد و روانگی ریکارڈ کی گئی، جبکہ دبئی ایئرپورٹ نے 2 لاکھ 13 ہزار ٹن کارگو بھی ہینڈل کیا، جو ایئرپورٹ کی مسلسل فعال اور مصروف آپریشنل سرگرمیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
دبئی ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی اور بحران کے باوجود عالمی پروازوں کو بلا تعطل جاری رکھا گیا تاکہ بین الاقوامی سفری اور تجارتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی طور پر ایک کروڑ 86 لاکھ مسافروں نے دبئی ایئرپورٹ سے سفر کیا، تاہم گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں مسافروں کی تعداد میں کچھ کمی دیکھنے میں آئی۔
حکام نے اس عارضی کمی کی وجہ علاقائی کشیدگی اور بعض فضائی روٹس پر غیر یقینی صورتحال کو قرار دیا۔ اس کے باوجود دبئی ایئرپورٹ عالمی فضائی رابطوں کا ایک اہم مرکز بنا رہا۔
دوسری جانب دبئی کے دوسرے بڑے فضائی مرکز المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ترقیاتی کام بھی تیزی سے جاری ہے، جس کا مقصد مستقبل میں بڑھتے ہوئے فضائی ٹریفک کے تقاضوں کو پورا کرنا ہے۔
