چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی Bilawal Bhutto Zardari نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے میدانِ جنگ میں دشمن کو شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور یہ کامیابی صرف ہتھیاروں کی نہیں بلکہ عزم، حوصلے اور قومی یکجہتی کی فتح تھی۔
کراچی میں عیدالاضحیٰ کیلئے 5 مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کرنے کی اجازت
کراچی میں “معرکۂ حق” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک سال قبل پاکستان غیر یقینی صورتحال سے دوچار تھا اور دشمن یہ سمجھتا تھا کہ وہ پاکستان کو کمزور یا شکست دے سکتا ہے، تاہم وہ پاکستان کی اصل طاقت اور قوم کے جذبے سے واقف نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے جرات، نظم و ضبط اور وقار کے ساتھ وطن کا دفاع کیا جبکہ پوری قوم نے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کبھی سرینڈر نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی دباؤ کو برداشت کرے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ کامیابی اُن لوگوں کی فتح ہے جنہوں نے ہر مشکل کے باوجود جھکنے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شمال کے بلند پہاڑوں سے لے کر بحیرۂ عرب کے ساحلوں تک پوری قوم ایک صف میں کھڑی رہی، جس نے قومی طاقت اور اتحاد کی نئی مثال قائم کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ “معرکۂ حق” پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، جہاں نہ صرف افواجِ پاکستان نے دفاعی محاذ پر کامیابی حاصل کی بلکہ پاکستانی سفارتکاروں نے بھی عالمی سطح پر مؤثر انداز میں ملک کا مؤقف پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتکاروں نے سفارتی میدان میں دشمن کے بیانیے کا بھرپور مقابلہ کیا اور دنیا کے سامنے پاکستان کا مؤقف واضح انداز میں رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ صرف شور سے نہیں بنتی بلکہ قربانیوں، استقامت اور ذمہ داری سے لکھی جاتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور امن سے نہیں ڈرتا، تاہم پائیدار امن باہمی عزت و احترام کے ساتھ ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل دنیا پاکستان پر شک کر رہی تھی، مگر آج دنیا جان چکی ہے کہ پاکستانی قوم سمجھوتہ کرنے والی قوم نہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آزمائشوں سے مزید مضبوط ہو کر ابھرا ہے اور قربانیوں نے قوم کو پہلے سے زیادہ متحد اور طاقتور بنا دیا ہے۔
