کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ کراچی کے مستقبل کی شہ رگ ہے، جو شہریوں کو جدید، ماحول دوست اور عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اس اہم عوامی منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو روزمرہ ٹریفک مسائل اور سفری مشکلات سے نجات دلائی جا سکے۔
آئی جی سندھ کی شہید ڈی ایس پی احسن ذوالفقار کے چہلم میں شرکت، لازوال قربانی کو خراجِ عقیدت
اپنے جاری کردہ بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ پوری رفتار سے شروع کر دی گئی ہیں اور آئندہ دو سے تین ماہ کے دوران شہریوں کو صورتحال میں واضح بہتری محسوس ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ زیر تعمیر حصوں کو مرحلہ وار مکمل کرکے ٹریفک کے لیے کھولا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے ترقیاتی اور میگا منصوبوں کے دوران وقتی طور پر ٹریفک دباؤ اور عوامی مشکلات پیدا ہونا معمول کی بات ہے، تاہم حکومت سندھ کو کراچی کے شہریوں کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے، متبادل راستوں کی مؤثر نگرانی اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل جاری ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے مفادِ عامہ کو ترجیح دیتے ہوئے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے تمام معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور مختلف سطحوں پر مشاورت کے بعد مؤثر فیصلے کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ایک انقلابی تبدیلی ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف شہریوں کو تیز، محفوظ اور آرام دہ سفر کی سہولت میسر آئے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی، ایندھن کی بچت اور ٹریفک کے دباؤ میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے عوام کو عالمی معیار کی جدید پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں کیونکہ یہ منصوبہ مستقبل میں کراچی کے لاکھوں شہریوں کے لیے سہولت، آسانی اور بہتر سفری نظام کا باعث بنے گا۔
