کراچی — آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شہید ڈی ایس پی احسن ذوالفقار کے چہلم کے موقع پر منعقدہ فاتحہ خوانی میں شرکت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔
تقریب کے دوران قرآن خوانی، دعا، فاتحہ اور ایصالِ ثواب کا اہتمام کیا گیا، جبکہ پولیس افسران، اہلکاروں، شہریوں اور شہید کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی جی سندھ نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے اظہارِ تعزیت کیا اور کہا کہ شہید ڈی ایس پی احسن ذوالفقار کی قربانی سندھ پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کے افسران اور جوان عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور یہی قربانیاں محکمہ پولیس کی اصل طاقت ہیں۔
چہلم کی دعا میں اجتماعی طور پر شہید کی مغفرت، درجات کی بلندی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
تقریب میں اے آئی جی ویلفیئر، دیگر اعلیٰ پولیس افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک ہوئے۔
