اسلام آباد (ڈپلومیٹک ڈیسک) — نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے آج کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے معاشی اثرات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایران کی نئی سفارتی پیشکش، امریکا کو پابندیوں میں نرمی کے بدلے آبنائے ہرمز کھولنے کی تجویز
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی کشیدگی اور عالمی سطح پر اس کے ممکنہ اثرات پر بھی اپنی آراء کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں استحکام کے لیے مسلسل رابطہ اور سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے امن، مکالمے اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور تنازعات کے حل کے لیے بات چیت کو ترجیح دیتا ہے۔
کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان کے مؤقف اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ اور عالمی برادری کے لیے امن و سلامتی کے فروغ میں پاکستان کا کردار قابلِ قدر ہے۔
دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط کیے جائیں گے اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون اور رابطے کو جاری رکھا جائے گا۔
