شمالی وزیرستان میں قبائل اور فتنہ الخوارج کے درمیان جھڑپ، 5 دہشت گرد ہلاک، 3 شہری جاں بحق

میرانشاہ (نمائندہ خصوصی) — شمالی وزیرستان کے علاقے درپہ خیل میں مقامی قبائل اور فتنہ الخوارج کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ جھڑپ کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 شہری جاں بحق اور 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔

باجوڑ میں کرکٹ گراؤنڈ پر کواڈ کاپٹر حملہ، فتنہ الخوارج کی کارروائی میں 3 افراد زخمی

سجاد خان، ریجنل پولیس آفیسر بنوں کے مطابق واقعہ درپہ خیل کے علاقے شاہزادہ کوٹ میں پیش آیا جہاں فتنہ الخوارج اور مقامی قبائل کے درمیان مسلح تصادم ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ جھڑپ کے دوران دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا جبکہ متعدد شدت پسند زخمی حالت میں فرار ہونے کی کوشش کرتے رہے۔ دوسری جانب دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہری آبادی بھی متاثر ہوئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔

آر پی او کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال میرانشاہ منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور علاقے میں مزید سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔

دوسری جانب عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات نے سرحدی اضلاع میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور غیر انسانی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کی حالیہ مجرمانہ کارروائیوں میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں، جبکہ باجوڑ میں کرکٹ گراؤنڈ پر کواڈ کاپٹر حملہ بھی دہشت گردوں کی انسان دشمن سوچ کا مظہر ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ بعض عناصر پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ دہشت گرد گروہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!