جیکب آباد (نمائندہ خصوصی) — وزیراعلیٰ سندھ نے جیکب آباد میں ایک شہری کی جانب سے گدھے پر مبینہ طور پر کلہاڑیوں سے حملہ کرکے شدید زخمی کرنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزم کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
شمالی وزیرستان میں قبائل اور فتنہ الخوارج کے درمیان جھڑپ، 5 دہشت گرد ہلاک، 3 شہری جاں بحق
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ بے زبان جانوروں پر وحشیانہ تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے سفاکانہ واقعات معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کا تقاضا ہے کہ جانوروں کے ساتھ رحم اور نرمی کا برتاؤ کیا جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی جانور کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے اور اس کے بہتر علاج و معالجے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی اور جانوروں پر تشدد کے واقعات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ جیکب آباد کے گاؤں شکر بروہی میں ایک گدھے کے گھر میں داخل ہونے پر مشتعل شخص نے مبینہ طور پر کلہاڑی کے وار کرکے جانور کو زخمی کر دیا تھا۔
گدھے کے مالک کے مطابق اس کا جانور مولا بخش نامی شخص کے گھر داخل ہوا تھا، جس پر ملزم نے تشدد کرتے ہوئے گدھے کو لہولہان کر دیا۔ مالک نے مطالبہ کیا کہ ملزم کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔
واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں اور جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
