پاک افغان سرحد پر دراندازی کی دو کوششیں ناکام، سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 13 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) — سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی دو بڑی کوششیں ناکام بناتے ہوئے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، پیٹرول 6.51 اور ڈیزل 19.39 روپے مہنگا، نئی قیمتیں آج رات سے نافذ

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی سرپرست یافتہ فتنہ خوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا، جس پر بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کے ایک گروہ نے دراندازی کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

اسی طرح شمالی وزیرستان میں بھی دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بنائی گئی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ تمام دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ خوارج سے تعلق رکھتے تھے، جو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ سکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز بھی جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ موجودگی کو ختم کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!