کراچی (اسٹاف رپورٹر) — ساؤتھ ڈسٹرکٹ پولیس کراچی نے منشیات فروشی کے جدید اور منظم نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار گروہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور آن لائن رائیڈنگ سروسز کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں آئس اور نشہ آور گولیاں سپلائی کرتا تھا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق تھانہ درخشاں پولیس نے خفیہ اطلاعات اور تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے اس منظم گینگ کو بے نقاب کیا، جو واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے منشیات کے آرڈرز وصول کرتا تھا۔
گرفتار ملزمان میں ارم شہزادی عرف ماہم دختر غلام احمد، میر عمر راجہ ولد میر قادر بخش، شہباز ولد محمد بخش اور رمیز امین ولد محمد امین شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق خاتون ملزمہ ارم شہزادی عرف ماہم اس گروہ کی سرغنہ ہے۔
دورانِ تفتیش خاتون ملزمہ نے انکشاف کیا کہ وہ ڈیفنس کے مختلف علاقوں میں نجی ڈانس پارٹیز کا انعقاد کرتی تھی، جہاں منشیات کی فراہمی بھی کی جاتی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمان آن لائن رائیڈرز کے ذریعے تعلیمی اداروں اور نجی تقریبات تک آئس (Ice) اور نشہ آور گولیاں پہنچاتے تھے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچا جا سکے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 148 گرام آئس اور 22 ہزار روپے نقد رقم برآمد کر لی، جو مبینہ طور پر منشیات فروخت کرنے سے حاصل کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 305/2026 CNSA Act 2024 کی دفعات 9(2)1، 9(2)2 اور 9(2)3 کے تحت تھانہ درخشاں میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔
ترجمان ساؤتھ پولیس اور ایس ایس پی مہزور علی کے مطابق شہر میں منشیات فروشی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز ایکشن جاری رہے گا۔

