کراچی (نمائندہ خصوصی) — اے وی سی سی / سی آئی اے پولیس کراچی نے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور تاوان وصولی کے ایک سنگین مقدمے میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ضلع سینٹرل پولیس کی بڑی کارروائیاں، گٹکا فروش، منشیات اور اسٹریٹ کرمنلز گرفتار
تفصیلات کے مطابق مورخہ 22 اپریل 2026 کو مغوی محمد متعال خان اپنے گھر کراچی سے لاہور روانہ ہوا تھا کہ راستے میں نامعلوم ملزمان نے سفید رنگ کی ویگو گاڑی کے ذریعے اسے اغوا کر لیا۔ اغوا کے بعد ملزمان نے مغوی کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے اس پر تشدد کیا اور اس کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرتے ہوئے 8600 USDT (کرپٹو کرنسی)، ایک آئی فون 17 پرو میکس، ایک سام سنگ موبائل فون اور ایک ایم4 لیپ ٹاپ تاوان کے طور پر حاصل کیے۔
تاوان وصول کرنے کے بعد ملزمان نے مغوی کو کورنگی انڈسٹریل ایریا میں چھوڑ دیا اور فرار ہو گئے۔ واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 52/2026 بجرم دفعہ 365-A تعزیرات پاکستان تھانہ ائیرپورٹ میں درج کیا گیا، جس کی تفتیش بعد ازاں اے وی سی سی / سی آئی اے کراچی کے حوالے کر دی گئی۔
ایس ایس پی اے وی سی سی / سی آئی اے کراچی نے کیس کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زیر نگرانی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنیکل اور ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ ائیرپورٹ کی حدود میں چھاپہ مار کر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت حمزہ رضوان ولد رضوان حبیب اور محمد صلیم علیم ولد محمد علیم حنیف کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور اس کیس میں مزید اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔
ترجمان ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق یہ کارروائی جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کا نتیجہ ہے، جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
