کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے احکامات پر مختلف تھانوں کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
دبئی میں پراپرٹی ویزا قوانین میں نرمی، سرمایہ کاروں کیلئے نئے رہائشی مواقع
تفصیلات کے مطابق تھانہ جوہرآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گٹکا/ماوا فروخت کرنے والی ایک خاتون ملزمہ کو گرفتار کیا جو شبراتی گوٹھ میں خفیہ طور پر کاروبار کر رہی تھی۔ گرفتار ملزمہ سونیا عرف خدیجہ دختر رفیق کے قبضے سے 40 پیکٹ گٹکا اور نقدی برآمد ہوئی۔ ملزمہ کے خلاف مقدمہ نمبر 153/2026 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
نیو کراچی پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران ایک شراب فروش اور گٹکا ماوا سپلائرز کو گرفتار کیا۔ پہلے مرحلے میں ملزم محمد عارف ولد معین الدین کو دوران چیکنگ شراب سمیت گرفتار کیا گیا جبکہ دوسری کارروائی میں محمد ساجد ولد عبدالغفور اور فیضان عرف ساکو کو 60 پیکٹ گٹکا ماوا کے ساتھ حراست میں لیا گیا۔ دونوں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آئی آر لسٹڈ ملزم محمد جاوید عرف مسٹر بین کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 30 بور پستول، راؤنڈز، نقدی اور مسروقہ شناختی دستاویزات برآمد ہوئیں۔ پولیس کے مطابق ملزم ڈکیتی کے سابق مقدمات میں بھی ملوث رہا ہے۔
اسی طرح تھانہ خواجہ اجمیر نگری پولیس نے منشیات فروش شاہد برکی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 24 گرام آئس برآمد کر لی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
