کراچی (اسٹاف رپورٹر) — ڈی آئی جی ایسٹ زون کراچی ڈاکٹر فرخ علی سے کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان کی قیادت میں 12 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں شہر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور الیکٹرونکس مارکیٹ کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کیس میں اہم پیش رفت، اے وی سی سی/سی آئی اے کراچی کی کارروائی، دو ملزمان گرفتار
ملاقات کے دوران وفد نے ڈی آئی جی ایسٹ کو ڈیلرز کو درپیش عملی مشکلات سے آگاہ کیا اور خاص طور پر موبائل فونز کی چوری و چھیننے کے بعد ان کی غیر قانونی خرید و فروخت، IMEI نمبرز کی تبدیلی اور دیگر مشکوک سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسوسی ایشن پولیس کے ساتھ مل کر ان غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے میں مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
وفد کے صدر رضوان عرفان نے کہا کہ چوری شدہ موبائل فونز کی مارکیٹ میں فروخت اور IMEI تبدیلی جیسے غیر قانونی کام نہ صرف کاروباری طبقے کے لیے نقصان دہ ہیں بلکہ پورے نظام کو متاثر کرتے ہیں، لہٰذا ان کے خلاف سخت اقدامات ضروری ہیں۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ایسے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی جاری رکھیں گے جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ملاقات کے اختتام پر وفد نے ڈی آئی جی ایسٹ کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
میڈیا سیل ڈی آئی جی ایسٹ زون کراچی
