فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شاہراہ فیصل پر قائم ایک غیر قانونی ٹریول ایجنسی پر چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
کراچی میں پولیو بوسٹر مہم 2026 کی تیاریوں کا جائزہ، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران محمد حمزہ نامی ملزم، جو “شاہین ہالیڈیز ٹریولز اینڈ ٹورز” کا مالک بتایا جاتا ہے، کو گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم بغیر لائسنس غیر قانونی طور پر ویزا اور ٹکٹنگ کا کاروبار چلا رہا تھا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ کئی ماہ سے شہریوں سے بیرون ملک ویزوں کے نام پر پاسپورٹس اور بھاری فیس وصول کر رہا تھا۔ ملزم امریکا، ملائیشیا اور تھائی لینڈ سمیت مختلف ممالک کے ویزے دلوانے کے دعوے کرتا تھا۔
چھاپے کے دوران مختلف شہریوں کے پاسپورٹس، چیک بکس، موبائل فونز، کمپنی اسٹیمپس، کمپیوٹر سسٹم اور دیگر اہم دستاویزات بھی برآمد کر لی گئیں، جنہیں مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 150/2026 درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ویزا فراڈ اور غیر قانونی ٹریول ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔
