کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی فائن آرٹ کمیٹی کے زیر اہتمام ’’Brush Hour‘‘ کے عنوان سے ایک منفرد لائیو پینٹنگ سیشن حسینہ معین ہال میں منعقد ہوا، جس میں معروف مصور اے ایس رند نے اپنی بیٹی عمینہ خان کے ہمراہ ایک ہی کینوس پر فنّی مہارت کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔
پاک افغان سرحد پر کشیدگی: چمن سیکٹر میں پاک فوج کا مؤثر جواب، دشمن کی چوکیاں تباہ
سیشن کے دوران دونوں فنکاروں نے چارکول اور آئل پینٹ کی مدد سے مختلف شاہکار تخلیق کیے اور حاضرین کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ باپ بیٹی کے اس مشترکہ تخلیقی عمل کو فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد اور شرکاء کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
تقریب میں ڈاکٹر شرمیلا فاروقی، فائن آرٹ کمیٹی کے چیئرمین فرخ شہاب، نصرت خواجہ، ثمینہ ممتاز سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر آرٹس کونسل کی جانب سے اے ایس رند اور عمینہ خان کو فن مصوری میں خدمات کے اعتراف میں شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
ڈاکٹر شرمیلا فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ باپ اور بیٹی کا ایک ساتھ فن تخلیق کرنا ایک خوبصورت احساس ہے اور ان کے کام میں خواتین کے ورثے کی جھلک نمایاں طور پر دکھائی دیتی ہے۔
اس موقع پر اے ایس رند کا کہنا تھا کہ ایک آرٹسٹ دراصل کہانی سنانے والا ہوتا ہے، جس کے پاس بے شمار کہانیاں ہوتی ہیں اور یہی مشاہدات اس کے فن میں جھلکتے ہیں۔ عمینہ خان نے کہا کہ اپنے والد کے ساتھ پینٹنگ کرنا ان کا خواب تھا اور یہ تجربہ ان کے لیے بے حد خوشگوار رہا۔

