کراچی (اسٹاف رپورٹر) — ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے بلال کالونی میں ڈکیتی کی ایک اور واردات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ نامعلوم مسلح ملزمان نے صبح سویرے ایک شہری کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
گورنر سندھ سے کاٹی صدر اکرام راجپوت کی ملاقات، صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ پر تبادلۂ خیال
علاقہ مکینوں کے مطابق تھانہ بلال کالونی کی حدود میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں، جس کے باعث شہری شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں مناسب گشت اور اسنیپ چیکنگ نہ ہونے کے باعث جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ حاصل ہے۔
مقامی افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ عوام کو ڈکیتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر علاقے میں مؤثر گشت، اسنیپ چیکنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
