کراچی (اسٹاف رپورٹر): ڈی آئی جی ایسٹ زون کراچی ڈاکٹر فرخ علی کے احکامات پر ایسٹ زون میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں، جن کی نگرانی ایس ڈی پی او جمشید ڈویژن ASP محمد عاشر کر رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ضلع کورنگی، ملیر اور ایسٹ کی حدود میں مختلف تھانوں کی کارروائیوں کے دوران منشیات، جواء، گٹکا ماوا اور کچی شراب کے کاروبار میں ملوث مجموعی طور پر 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
تھانہ کورنگی میں کارروائی کے دوران چار ملزمان کو جوئے کے الزام میں گرفتار کیا گیا جن سے تاش کے پتے، نقد رقم اور موبائل فون برآمد ہوئے۔ اسی طرح تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں گٹکا ماوا کے 65 پڑیوں سمیت ایک موٹر سائیکل برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
تھانہ گلستانِ جوہر میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 134 لیٹر کچی شراب اور اسلحہ برآمد ہوا، جبکہ اس کے خلاف امتناع منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات درج کیے گئے۔
اسی طرح تھانہ سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا میں مختلف چھاپوں کے دوران چار ملزمان سے بڑی مقدار میں گٹکا ماوا اور سگریٹ برآمد کیے گئے۔ پولیس کے مطابق یہ افراد علاقے میں غیر قانونی اشیاء کی سپلائی میں ملوث تھے۔
تھانہ ملیر سٹی کی کارروائی میں بھی ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے گٹکا ماوا اور شراب برآمد ہوئی، اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

