کراچی کے ناردرن بائی پاس پر قائم “عوام دوست مویشی منڈی” میں عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے، جہاں ملک بھر سے قربانی کے جانوروں کی آمد جاری ہے اور مجموعی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 5 اپریل سے فعال اس مویشی منڈی میں دن رات بڑے ٹریلرز کے ذریعے جانوروں کی آمد جاری ہے، جبکہ بیوپاری اپنے من پسند بلاکس میں پلاٹس حاصل کر کے جانور اتار رہے ہیں۔ منڈی میں گائے، بیل اور بکروں کی مختلف نسلیں شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
ٹنڈو آدم سے تعلق رکھنے والے بیوپاری غلام نبی گلابی، کاموری، سندھی اور ٹابرا نسل کے خوبصورت اور صحت مند بکرے لے کر منڈی پہنچے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اعلیٰ نسل کے جانور لائے ہیں اور انہیں امید ہے کہ خریدار مناسب قیمت پر خریداری کریں گے۔
مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کے مطابق بیوپاریوں اور خریداروں کے لیے مثالی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جانوروں کو چوبیس گھنٹے پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جس کے تحت بڑے جانور کو 30 لیٹر اور چھوٹے جانور کو 8 لیٹر پانی روزانہ مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منڈی میں 200 ایکڑ رقبے پر محفوظ پارکنگ، جدید اسٹریٹ لائٹس اور فوڈ اسٹریٹ قائم کی گئی ہے جہاں شہریوں کو معیاری کھانے دستیاب ہیں۔ سیکیورٹی انتظامات کو بھی سخت بنایا گیا ہے تاکہ خریداروں اور بیوپاریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق بہتر سہولیات اور سیکیورٹی کے باعث شہریوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور آنے والے دنوں میں جانوروں کی آمد اور رش میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

