ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “قادرو گروہ” کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کا اچانک بریک ڈاؤن، پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں غلام قادر ولد علی شیراز، حارث نواز عرف گولڈن ولد حق نواز بلوچ اور لاریب ولد محمد انور شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 5 موبائل فونز، نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
رینجرز حکام کے مطابق ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ لیاری، گارڈن، سی ویو، آئی آئی چندریگر روڈ اور ملیر سمیت مختلف علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت اور شہریوں سے موٹر سائیکل و موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
ابتدائی تفتیش میں مرکزی ملزم غلام قادر نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے گروہ کے ساتھ مل کر 70 سے 80 موٹر سائیکلیں اور 230 سے 250 موبائل فون چھین چکے ہیں، جنہیں فروخت کر کے 30 سے 35 لاکھ روپے تک رقم حاصل کی گئی۔ ملزم نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ غیر قانونی اسلحہ سستے داموں خرید کر جرائم پیشہ افراد کو منافع پر فروخت کرتا تھا۔
ملزم حارث عرف گولڈن نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ چھینی گئی موٹر سائیکلوں کے پرزے کھول کر مختلف علاقوں میں فروخت کرنے میں ملوث تھا اور اس کام کے عوض الگ سے اجرت لیتا تھا۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ملزمان کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف معلومات فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر فراہم کریں، معلومات دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
