کراچی کے ڈسٹرکٹ سینٹرل ویسٹ زون میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ یوسف پلازہ کی حدود میں واقع ایک مکان پر چھاپہ مار کر مضر صحت گٹکا ماوا اور چھالیہ کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایت پر کی جانے والی اس کارروائی کے دوران پولیس نے بلاک 16، ایف بی ایریا میں واقع مکان پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی شناخت اسامہ ولد نامعلوم کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں مضر صحت اشیاء برآمد ہوئیں جن میں 40 بوریاں چھالیہ (ہر بوری 10 کلوگرام کے حساب سے مجموعی طور پر 400 کلوگرام)، 25 پڑیاں گٹکا ماوا اور 2 ٹب تیار شدہ ماوا شامل ہیں۔
برآمد شدہ مواد کو قبضے میں لے کر مقدمہ نمبر 39/26 دفعہ 3/4/8(I) کے تحت درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق شہر میں گٹکا ماوا اور مضر صحت اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی صحت کو لاحق خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

