پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے مجاہد کالونی، ناظم آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “ایمو گروہ” کے تین اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد جنید (گروہ کا سرغنہ)، محمد شہاب اور وقاص احمد عرف گھونگرو شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول (بغیر لائسنس) بمعہ ایمونیشن، 2 موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ناظم آباد اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی، ہوائی فائرنگ اور موٹر سائیکل و موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
دورانِ تفتیش ملزم محمد شہاب نے انکشاف کیا کہ وہ اسٹریٹ کرائم کے ساتھ ساتھ وحید کالونی میں منشیات فروشی میں بھی سرگرم رہا ہے، جبکہ ملزم وقاص نے اعتراف کیا کہ وہ وارداتوں کے بعد اپنے ساتھیوں کو گرفتاری سے بچانے کے لیے اپنی کباڑ کی دکان پر پناہ دیتا اور انہیں منشیات بھی فراہم کرتا تھا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ گروہ کے دیگر مفرور ارکان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
رینجرز نے گرفتار ملزمان کو اسلحہ اور دیگر برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
ادارے کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں، جبکہ اطلاع دینے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
