کراچی میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کا بڑا منصوبہ شروع، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 48 گھنٹے کے لیے جزوی بندش

کراچی میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سندھ حکومت نے ایک اور اہم اقدام کا آغاز کر دیا ہے۔ عالمی بینک کے تعاون سے جاری Karachi Water and Sewerage Services Improvement Project کے تحت شہر کے واٹر نیٹ ورک میں بہتری کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی پاکستان آمد، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ترجمان کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی مرکزی لائن نمبر 5 کو موجودہ نظام سے منسلک کرنے کا عمل کل بروز ہفتہ شروع کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت انٹرکنکشن کے لیے پمپنگ اسٹیشن کے 9 پمپس کو 48 گھنٹوں کے لیے عارضی طور پر بند رکھنے کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ کام 25 اپریل دوپہر 12 بجے شروع ہو کر 27 اپریل تک جاری رہے گا۔

حکام کے مطابق 27 اپریل سے 9 میں سے 7 پمپس کے ذریعے پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی، جبکہ باقی 2 پمپس کو مزید 5 روز کے لیے بند رکھا جائے گا تاکہ کام مکمل کیا جا سکے۔ اس دوران دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے فورتھ فیز، کے ٹو اور کے تھری سسٹمز سے پانی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر رہے گی، تاہم دیگر پمپس کے ذریعے سپلائی جاری رکھی جائے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ اس عمل کے باعث نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، اسکیم 33 اور گلستانِ جوہر میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی، جبکہ گلشنِ اقبال، صدر، لانڈھی، کورنگی اور چنیسر ٹاؤن کے بعض علاقوں میں بھی پانی کی سپلائی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ نیپا، صفورا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس بھی اس دوران بند رہیں گے۔

حکام کے مطابق اس مینٹیننس اور اپ گریڈیشن کے دوران شہر کو یومیہ تقریباً 250 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا، کیونکہ عام حالات میں کراچی کو تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ تاہم کام کے دوران تقریباً 400 ملین گیلن پانی کی فراہمی برقرار رکھی جائے گی۔

سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عرصے کے دوران پانی کا محتاط اور باکفایت استعمال کریں تاکہ قلت کے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد کراچی میں پانی کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی اور مستقبل میں پانی کی قلت کے مسائل میں کمی متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!