ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی پاکستان آمد، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات، دباؤ میں اضافہ؛ نئی پابندیاں اور بحری کارروائیاں جاری

ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عباس عراقچی نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران پہلی باضابطہ ملاقات عاصم منیر سے کی، جسے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور دفاعی تعاون کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور جاری عالمی تبدیلیوں پر گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں پاکستان کی اہم سیاسی و عسکری قیادت بھی شریک تھی جبکہ ایرانی وزیر خارجہ اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ شریک ہوئے۔ فریقین نے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف سے عباس عراقچی کی آج وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور علاقائی امور پر مزید پیش رفت کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات، اور دیگر اہم سفارتی معاملات زیر غور آئیں گے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط اور سرحدی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

ملاقات کے بعد ایرانی وفد مسقط اور ماسکو کا دورہ کرے گا، جہاں مزید سفارتی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔ ایرانی حکام کے مطابق ان دوروں کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان کے ساتھ ہونے والی مشاورت کی روشنی میں امریکی حکام کو بھی آگاہ کیا جائے گا، جبکہ امریکی وفد کے ممکنہ دورہ پاکستان سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے وقت کا حتمی تعین ابھی باقی ہے، تاہم جاری سفارتی سرگرمیاں مستقبل کی حکمت عملی کے لیے اہم ثابت ہوں گی۔

One thought on “ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی پاکستان آمد، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!