کراچی (24 اپریل 2026): پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل پنڈیز ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل وفد نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونٹ کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید سہولیات اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات کو سراہا۔
دورے کے دوران وفد کو ایس ایس یو کے طریقۂ کار، آپریشنل حکمت عملی اور جدید سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔ وفد نے یونٹ کی جانب سے سیکیورٹی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے وفد کا استقبال کرتے ہوئے بریفنگ دی کہ ایس ایس یو کو جدید سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل تربیتی پروگرامز اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے یونٹ کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ بڑے اسپورٹس ایونٹس کے دوران کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
کمانڈنٹ ایس ایس یو عامر خان نیازی نے وفد کو یونٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا اور ان کی کارکردگی اور ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔
دورے کے دوران کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ایس ایس یو کی انڈور فائرنگ رینج میں عملی شوٹنگ مشقوں میں بھی حصہ لیا اور یونٹ کی تربیتی سہولیات کو سراہا۔
وفد نے اپنے تاثرات میں کہا کہ جامع اور منظم سیکیورٹی انتظامات کھلاڑیوں اور آفیشلز دونوں کے لیے ایک محفوظ اور پرامن ماحول کی ضمانت فراہم کرتے ہیں۔
دورے کے اختتام پر ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد اور وفد کے درمیان یادگاری شیلڈز (سووینئرز) کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

