اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل امریکا–ایران تنازع کے حل کے لیے ہر سطح پر بھرپور سفارتی کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پرامن حل کی راہ ہموار کرنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال، امریکا–ایران کشیدگی اور اسلام آباد میں مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے انعقاد سے متعلق سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ تنازع کے دیرپا حل کے لیے سفارتی چینلز کو مسلسل فعال رکھا جائے تاکہ خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت مثبت ہے اور اس سے مذاکراتی عمل کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل اس معاملے کے حل کے لیے تمام ممکنہ سطحوں پر کوششیں کر رہے ہیں اور امید ہے کہ فریقین سفارتی اور پرامن راستے کو ترجیح دیں گے۔
دوسری جانب امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے خطے میں امن کے فروغ اور تنازع کے حل کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امریکا–ایران مذاکرات کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف سطحوں پر سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
