کراچی (بین الاقوامی رپورٹ): برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں سفارتی رابطہ کاری اور ممکنہ مذاکراتی عمل کو برقرار رکھنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
حیدرآباد: پھلیلی میں شادی کی تقریب کے دوران کرنٹ لگنے سے 3 بچے جاں بحق، دو سگے بھائی بھی شامل
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اس عمل میں ایک غیر روایتی مگر مرکزی کردار کے طور پر سامنے آئے ہیں، اور انہیں امریکا اور ایران کے درمیان بگڑتی ہوئی صورتحال میں رابطہ کاری اور سفارتی کوششوں کو برقرار رکھنے کی کوششوں سے جوڑا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان اعتماد کی شدید کمی، پابندیوں اور خطے میں فوجی کشیدگی کے باعث امن مذاکرات پہلے ہی مشکل صورتحال سے دوچار ہیں، تاہم پاکستان کی جانب سے جاری کوششوں کا مقصد مکمل بریک ڈاؤن سے بچاتے ہوئے مکالمے کا تسلسل برقرار رکھنا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں استحکام کے لیے ایک ایسے ثالث کے طور پر کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو فریقین کے درمیان اعتماد سازی اور رابطہ کاری کو فروغ دے سکے، تاکہ صورتحال مزید کشیدہ ہونے سے بچائی جا سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خطے کی موجودہ جغرافیائی و سیاسی صورتحال میں کسی بھی قسم کی سفارتی پیش رفت نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی اہم اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
