حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر): حیدرآباد کے علاقے پھلیلی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شادی کی تقریب میں شریک تین بچے بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔
ڈاکٹر بخیت عتیق الرمیثی: پاک–امارات تعلقات میں اعتماد، استحکام اور سفارتی ہم آہنگی کی مضبوط مثال
پولیس کے مطابق رشتے دار کی شادی میں شرکت کے لیے آئے بچے رات کے وقت گھر کی چھت پر سو رہے تھے کہ اس دوران چھت کے اوپر سے گزرنے والی ہائی وولٹیج بجلی کی تاروں سے انہیں کرنٹ لگ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں تینوں بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 10، 12 اور 14 سال تھیں، جن میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور اہلِ خانہ شدید غم میں مبتلا ہیں۔
دوسری جانب حیسکو ترجمان کے مطابق پھلیلی سب ڈویژن میں پیش آنے والا یہ حادثہ کرنٹ لگنے کے باعث ہوا ہے، تاہم جائے وقوعہ پر بجلی کی تاریں ٹوٹی ہوئی نہیں تھیں۔ ابتدائی اندازے کے مطابق ممکنہ طور پر بچے تاروں کے انتہائی قریب آ گئے یا کسی قسم کے رابطے کے باعث کرنٹ لگا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ علاقے میں غیرقانونی تعمیرات کے باعث بجلی کی ہائی وولٹیج تاریں رہائشی گھروں کی چھتوں اور دیواروں کے انتہائی قریب آ چکی ہیں۔ اس حوالے سے پہلے بھی ٹنڈو طیب میں رہائشیوں کو نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ پولیس نے ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
