کراچی (23 اپریل 2026): ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کراچی پولیس آفس میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں شہر بھر میں ٹریفک چیکنگ پوائنٹس کی کارکردگی، ٹریفک کی مجموعی صورتحال اور شہری سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کراچی: تیار شدہ گٹکا ماوا کی بڑی سپلائی ناکام، 1700 پڑیاں برآمد، دو ملزمان گرفتار
اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک اور تمام ضلعی ایس ایس پیز ٹریفک نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک نے شہر کے مختلف مقامات پر قائم ٹریفک چیکنگ پوائنٹس کی پیش رفت، موجودہ اقدامات، درپیش مسائل اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے تمام چیکنگ پوائنٹس کو مزید فعال اور مربوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور قانون کی مؤثر عملداری کو یقینی بنانا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ کے نظام میں بہتری کے لیے جدید اور مؤثر طریقہ کار اپنایا جائے، جبکہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
پولیس چیف نے ٹریفک پولیس کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنا اور شہریوں کی آسانی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہر میں ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے مزید مؤثر اور عوام دوست بنایا جائے گا۔
