کراچی (پریس ریلیز / 23 اپریل): ناردرن بائی پاس کے 1100 ایکڑ رقبے پر قائم “عوام دوست مویشی منڈی” میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ 19ویں روز بھی تیزی سے جاری ہے، جس کے بعد منڈی میں جانوروں کی مجموعی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
منڈی انتظامیہ کے مطابق مختلف نسلوں کے خوبصورت اور وزنی جانور شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، تاہم سبی سے لایا گیا ایک دیو قامت بیل “راجہ” اپنی منفرد جسامت اور آنکھوں میں لگے کاجل کی وجہ سے خصوصی شہرت حاصل کر رہا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی طارق تنولی نے بتایا کہ منڈی میں بیوپاریوں اور خریداروں کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے بجلی، پانی اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ خرید و فروخت کا عمل پرامن اور منظم انداز میں جاری رہے۔
انہوں نے کہا کہ منڈی میں آنے والے جانوروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور آئندہ دنوں میں اس میں مزید بڑے اضافے کی توقع ہے، جس کے لیے تمام انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 8 فٹ قد اور 20 من وزنی “راجہ” بیل منڈی کا مرکزی مرکزِ نگاہ بن گیا ہے۔ اس کے مالک قیوم کا کہنا ہے کہ بیل کو گھی، دودھ اور دلیے پر خصوصی دیکھ بھال کے ساتھ پالا گیا ہے، جس کی وجہ سے اس کی جسامت غیر معمولی ہے۔
دوسری جانب ٹھیکیدار سفیان عتیق نے بتایا کہ پارکنگ ایریا بلاک میں روزانہ کی بنیاد پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے پاسز جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
انتظامیہ کے مطابق منڈی میں خریداروں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی جاری ہے جبکہ سیکیورٹی اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

