کراچی (22 اپریل 2026): ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کراچی نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ بلال کالونی کی حدود میں ہونے والی ہاؤس ڈکیتی کا کیس 48 گھنٹوں میں حل کر لیا اور تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اٹک ریفائنری کی پیٹرول و ڈیزل پیداوار بحال، آپریشن دوبارہ شروع
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق گرفتار ملزمان میں عادل، شیزان عرف شیزی اور نائلہ عرف عینی شامل ہیں، جنہوں نے اسلحہ کے زور پر گھر میں داخل ہو کر موبائل فونز اور طلائی زیورات لوٹے تھے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے فوری بعد مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا، جبکہ ہیومن انٹیلیجنس اور جدید ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے موبائل فونز، 30 بور پستول اور واردات میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ اسلحہ کی برآمدگی پر ملزمان کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 181/2026 بھی درج کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کو ڈکیتی کیس میں باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واردات کے مرکزی ملزم صمد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق مرکزی ملزم نے ملازمت سے نکالے جانے کا بدلہ لینے کے لیے واردات کی منصوبہ بندی کی، جبکہ ملزمہ نائلہ کو دکان پر بھیج کر مدعی کو مصروف رکھا گیا اور دیگر ساتھیوں نے گھر میں داخل ہو کر ڈکیتی کی۔
پولیس حکام نے اس کامیاب کارروائی کو مؤثر حکمت عملی اور بروقت اقدامات کا نتیجہ قرار دیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
