انرجی سیکیورٹی ترجیح، برقی ٹرانسپورٹ کے فروغ کی ہدایت

اسلام آباد (22 اپریل 2026): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انرجی سیکیورٹی مستقبل کی منصوبہ بندی کا ایک اہم ستون بن چکی ہے اور بروقت حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔

سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی، فی تولہ سونا 5 لاکھ سے نیچے

سیکیورٹی سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں خام تیل کے اسٹریٹیجک ذخائر کے قیام کے منصوبے پر کام تیز کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی بچت اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بتدریج برقی ذرائع پر منتقل کرنا ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مستقبل میں سرکاری استعمال کے لیے صرف الیکٹرک بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں، جبکہ الیکٹرک وہیکلز کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کو بھی تیز کیا جائے۔ انہوں نے مقامی سطح پر اعلیٰ معیار کی بیٹری اسٹوریج ٹیکنالوجی کی تیاری کی حوصلہ افزائی پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور گیس و تیل کی مقامی پیداوار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ حکام نے آگاہ کیا کہ گرڈ سطح پر بیٹری اسٹوریج کے لیے دو تجرباتی منصوبوں کے پی سی ون تیار کیے جا رہے ہیں، جبکہ شمسی توانائی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو بیٹری اسٹوریج کی تنصیب کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی اضافی بجلی کے مؤثر استعمال کے لیے بیٹریوں کا حصول آسان بنایا جائے تاکہ توانائی کے شعبے میں خود کفالت کو فروغ دیا جا سکے۔

One thought on “انرجی سیکیورٹی ترجیح، برقی ٹرانسپورٹ کے فروغ کی ہدایت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!