وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو اجلاس، کیسز میں نمایاں کمی پر اطمینان

اسلام آباد (22 اپریل 2026): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ٹرمپ کا ایران پر حملے روکنے کا اعلان، تہران کی جانب سے ردعمل

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان پولیو کے موزی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے انسداد پولیو ٹیموں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

اجلاس کو انسداد پولیو اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ سال 2026 کے دوران اب تک ملک میں صرف ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے جو ضلع سجاول سے سامنے آیا۔ بریفنگ کے مطابق 2024 میں پولیو کے 74 اور 2025 میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے اس سال اب تک کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ اسی طرح 2025 کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے 67 اضلاع پولیو سے متاثر تھے، جبکہ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں یہ تعداد کم ہو کر 23 رہ گئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ہاؤس ہولڈ کوریج تمام انسداد پولیو مہمات میں 98 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بہتر رسائی کے باعث پولیو قطروں سے محروم رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں کمی آئی ہے، جبکہ کوئٹہ بلاک میں وائرس کی مقامی سطح پر پھیلاؤ میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کراچی میں مارچ کے دوران 12 میں سے 10 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا، جو ایک مثبت پیشرفت ہے۔ اسی طرح ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ستمبر 2025 سے کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ ضلع بنوں میں متاثرہ یونین کونسلوں کی تعداد 62 سے کم ہو کر 6 رہ گئی ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ای پی آئی اور پی ای آئی کے انضمام کے لیے حکمت عملی پر کام جاری ہے، جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو انسداد پولیو اقدامات سے منسلک اور مشروط کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء، وزیر مملکت برائے صحت، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

One thought on “وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو اجلاس، کیسز میں نمایاں کمی پر اطمینان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!