کراچی میں زائد کرایہ وصولی کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گاڑیاں ضبط، جرمانے عائد

کراچی (22 اپریل 2026): کمشنر کراچی کی ہدایت پر شہر بھر میں زائد کرایہ وصول کرنے والی مسافر بسوں، وینز اور رکشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا، جس کے دوران متعدد گاڑیاں ضبط اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کیے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو اجلاس، کیسز میں نمایاں کمی پر اطمینان

انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران 6 بسیں، 4 وینز اور 6 رکشے ضبط کیے گئے، جبکہ لانڈھی کے علاقے میں 15 سے زائد بسوں کی چیکنگ بھی کی گئی۔ اس دوران مسافروں سے زائد وصول کیے گئے مجموعی طور پر 3 ہزار روپے واپس دلوائے گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر گارڈن اور اسسٹنٹ کمشنر کورنگی نے بھی مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں اور مسافروں کو زائد کرایہ واپس دلوایا۔ اس موقع پر سید حسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید برآں، اورنگی ٹاؤن، صدر اور نیو کراچی کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا اور متاثرہ مسافروں کو ان کی رقوم واپس دلوائیں۔

کمشنر کراچی کے مطابق مجموعی طور پر خلاف ورزی کرنے والوں پر 1 لاکھ 35 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ زائد کرایہ وصولی کی شکایات فوری طور پر متعلقہ حکام کو رپورٹ کریں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

One thought on “کراچی میں زائد کرایہ وصولی کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گاڑیاں ضبط، جرمانے عائد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!