واشنگٹن (22 اپریل 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور جمعے کو منعقد ہوسکتا ہے، جس میں مثبت پیش رفت اور اچھی خبر متوقع ہے۔
عوام دوست مویشی منڈی میں 10 ہزار سے زائد قربانی کے جانور، رش میں اضافہ
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج کو ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ آئندہ 36 سے 72 گھنٹوں میں مذاکرات کا امکان موجود ہے، جبکہ مذاکرات کا دوسرا دور جمعے کو ہونے کی توقع ہے، جس کے حوالے سے وہ پرامید ہیں کہ اس سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
صدر ٹرمپ نے اس سے قبل سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت، جن میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر شامل ہیں، کی درخواست پر ایران پر ممکنہ حملوں کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران کے خلاف کارروائی کو اس وقت تک مؤخر کیا جائے جب تک ایرانی قیادت سے متفقہ اور حتمی تجاویز سامنے نہیں آ جاتیں۔
امریکی صدر کے مطابق جنگ بندی کو عارضی طور پر مذاکراتی عمل مکمل ہونے تک بڑھایا جا رہا ہے، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بات چیت کے ذریعے صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔
