کراچی (22 اپریل 2026): ناردرن بائی پاس پر قائم عوام دوست مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، اور اب تک منڈی میں جانوروں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ منڈی میں ملک بھر سے ٹرکوں کی آمد جاری ہے جبکہ مختلف اضلاع سے لائے گئے خوبصورت جانور مختلف بلاکس کی زینت بن رہے ہیں۔
آئی جی سندھ کا سائٹ ایسوسی ایشن کا دورہ، تاجروں کا امن و امان پر اطمینان
ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کے مطابق منڈی 5 اپریل سے فعال ہے اور 18ویں روز بھی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیوپاریوں کو جانوروں کے ساتھ مفت چارہ لانے کی مکمل اجازت اور سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
انتظامیہ کے مطابق ہر چار گھنٹے بعد ٹرکوں کے قافلے منڈی میں داخل ہو رہے ہیں، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد فیملیز کے ہمراہ منڈی کا رخ کر رہی ہے۔ بچے جانوروں کے ساتھ سیلفیاں بناتے اور منڈی کے ماحول سے لطف اندوز ہوتے نظر آتے ہیں۔
انتظامیہ نے 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کو ہیوی جنریٹرز کے ذریعے یقینی بنایا ہوا ہے، جبکہ منڈی میں سیکیورٹی اور مجموعی ماحول کو پرامن رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسی باعث رات گئے تک فوڈ اسٹریٹ پر بھی شہریوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
پارکنگ ٹھیکیدار عدنان کے مطابق دو ایکڑ پر مشتمل پارکنگ ایریا مکمل طور پر فعال ہے جہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے مختلف ریٹس مقرر کیے گئے ہیں۔ گاڑی کی فیس 100 روپے، موٹر سائیکل 50 روپے، سوزوکی 500 روپے، شہزور ٹرک 600 روپے، مزدا 800 روپے، رکشہ 200 روپے اور لوڈ رکشہ 500 روپے وصول کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کے لیے آن لائن پارکنگ پاس کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
انتظامیہ کے مطابق بہتر انتظامات اور سہولیات کے باعث عوامی دلچسپی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور منڈی میں سرگرمیاں عروج پر ہیں۔

