پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا، بھارت شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا عطا تارڑ

عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے، تاہم بھارت آج تک اپنے مؤقف کے حق میں کوئی قابلِ اعتماد شواہد پیش نہیں کر سکا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ واقعہ ایک من گھڑت آپریشن تھا۔
پاکستان اسٹیل ملز میں اربوں روپے کی منظم چوری کا بڑا اسکینڈل بے نقاب

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے فوری بعد صرف 10 منٹ کے اندر ایف آئی آر کا اندراج اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ مقدمے کا متن پہلے سے تیار تھا، جس سے اس واقعے پر مزید شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق عالمی میڈیا، بھارتی سول سوسائٹی، سیاستدانوں اور تھنک ٹینکس نے بھی اس واقعے پر سنجیدہ سوالات اٹھائے، تاہم بھارتی میڈیا کسی بھی مرحلے پر ٹھوس شواہد یا قابلِ اعتبار دلائل پیش کرنے میں ناکام رہا اور محض من گھڑت بیانیے کو فروغ دیتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا ٹول کے طور پر جنگی ماحول پیدا کیا اور جھوٹی و بے بنیاد خبریں نشر کیں، جس سے اس کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت کی پالیسیوں میں تضاد واضح ہے، جہاں کشمیر جیسے تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلے کو داخلی معاملہ قرار دیا جاتا ہے، وہیں اپنے داخلی مسائل کو بیرونی رنگ دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔

انہوں نے بھارت میں اقلیتوں کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوتوا نظریے کے تحت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں، جبکہ مختلف ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل میں بھی بھارتی ریاست کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ بھارت دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال کر رہا ہے اور پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے مختلف گروہوں کو سپورٹ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دہشت گردی کے متعدد واقعات میں بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، جنہیں وقتاً فوقتاً عالمی برادری کے ساتھ بھی شیئر کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور آئندہ بھی دہشت گردی کی پالیسی میں اسے شکست ہوگی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

One thought on “پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا، بھارت شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا عطا تارڑ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!