کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینٹرل پولیس آفس کراچی میں سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران کے لیے رینک پننگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں مجموعی طور پر 17 افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی کے رینک لگائے گئے۔ ترقی پانے والوں میں 06 ایس پیز کو ایس ایس پیز جبکہ 11 ڈی ایس پیز کو ایس پیز کے عہدوں پر ترقی دی گئی۔
تقریب میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب کا انعقاد انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے کیا گیا۔ محمد علی شاہ آڈیٹوریم میں منعقدہ اس سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ نے ترقی پانے والے افسران کو نئے رینک لگائے۔
وزیر داخلہ سندھ نے اپنے خطاب میں ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور خدمات کا اعتراف ہے، تاہم اس کے ساتھ ان پر مزید ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کے لیے مزید محنت، دیانتداری اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے، جدید تربیت اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق امید ہے کہ ترقی پانے والے افسران اپنی نئی ذمہ داریاں بہتر انداز میں نبھاتے ہوئے محکمہ پولیس کی نیک نامی میں اضافہ کریں گے۔
ترقی پانے والے افسران میں مہزور علی، امیر سعود مگسی، سمیر نور چنہ، زبیر نذیر شیخ، سہائی عزیز، محمد عمران خان، میر آفتاب احمد تالپور، محمد اسلم راجپوت، مسرور احمد جتوئی، حسنات وقار اور اسد اللہ ڈایو سمیت دیگر افسران شامل ہیں۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جیز کراچی، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ٹریننگ، آر اینڈ ڈی اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ اختتام پر وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ نے ترقی پانے والے افسران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری، فرض شناسی اور عوام دوست رویے کے ساتھ انجام دیں۔

