آئی جی سندھ سے سول سوسائٹی وفد کی ملاقات، خواتین و بچوں کے حقوق اور فہمیدہ لغاری کیس پر تفصیلی بریفنگ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو سے سول سوسائٹی کے چار رکنی وفد نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اہم ملاقات کی، جس میں خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور تھانہ کلچر میں بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کراچی سکھن پولیس کی کارروائی، اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

ملاقات میں سندھ کمیشن آن دی اسٹیٹس آف وومن کی چیئرپرسن ایڈووکیٹ روبینہ امان بروہی، وومن ایکشن فورم حیدرآباد کی امر سندھو اور ڈاکٹر عرفانہ ملاح سمیت ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان سندھ کے نائب صدر قاضی خضر شریک ہوئے۔ پولیس کے اعلیٰ افسران بشمول ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی ایڈمنسٹریشن اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس کے دوران میرپورخاص کی رہائشی ڈاکٹر فہمیدہ لغاری کے خودکشی کیس پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ آئی جی سندھ نے وفد کو کیس میں اب تک ہونے والی پولیس کارروائی اور تفتیشی پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ ایس ایس پی سوہائی عزیز نے بطور تحقیقاتی ٹیم سربراہ تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد نے واقعے کے مختلف سماجی، تعلیمی اور نفسیاتی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر دفاتر اور تعلیمی اداروں میں انسدادِ ہراسانی کمیٹیاں فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ نوجوانوں خصوصاً خواتین میں ذہنی دباؤ اور خودکشی کے بڑھتے رجحان پر گہری تشویش ہے، جبکہ ان عوامل کے سدباب کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ڈاکٹر فہمیدہ لغاری کیس کی ہر پہلو سے شفاف اور جامع تفتیش کی جائے گی اور تمام متعلقہ افراد کو شاملِ تفتیش کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق شکایات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتی ہے اور حکومت سندھ کے ساتھ مل کر مؤثر اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

One thought on “آئی جی سندھ سے سول سوسائٹی وفد کی ملاقات، خواتین و بچوں کے حقوق اور فہمیدہ لغاری کیس پر تفصیلی بریفنگ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!