کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع کیماڑی میں موچکو پولیس نے مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے اسمگلنگ کی متعدد کوششیں ناکام بنا دیں۔ کارروائیوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا ایرانی ڈیزل، غیر ملکی سگریٹ اور چھالیہ برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق پہلی کارروائی میں بلوچستان سے آنے والے ایک ٹرالر کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے 2400 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کیا گیا۔ اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے برآمد شدہ ڈیزل اور گاڑی کسٹم حکام کے حوالے کر دی گئی۔
دوسری کارروائی موچکو چیک پوسٹ پر کی گئی جہاں غیر ملکی سگریٹ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ پولیس نے رکشہ سوار ملزم رحمان کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 45 ڈنڈے غیر ملکی سگریٹ برآمد ہوئے۔ برآمد شدہ سگریٹ، رکشہ اور ملزم کو کسٹم کے حوالے کر دیا گیا۔
تیسری کارروائی میں موٹر سائیکل کے ذریعے دودھ کے ڈبوں میں چھالیہ اور گٹکا چھپا کر اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا۔ پولیس نے ملزم فیاض علی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 60 کلو چھالیہ اور 30 پڑیاں مضر صحت گٹکا/ماوا برآمد کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 232/26 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ اسمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ کرداروں کی تلاش جاری ہے۔

