کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ سینٹرل ویسٹ زون کراچی میں ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا، جس کے دوران مختلف تھانوں کی حدود میں اسٹریٹ کرمنلز، موٹر سائیکل لفٹرز، منشیات فروشوں اور گٹکا/ماوا سپلائرز سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کا اعتراف: عالمی سفارت کاری میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا اثر و رسوخ بڑھ گیا
پولیس کے مطابق کارروائیوں میں اسلحہ، منشیات، مسروقہ موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔ مختلف تھانوں میں الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
تھانہ سمن آباد کی کارروائی میں محمد طاہر کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 30 بور پستول اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جو پہلے سے ایک مقدمے میں مطلوب تھی۔ پولیس کے مطابق ملزم کا کریمینل ریکارڈ بھی موجود ہے۔
تھانہ شریف آباد نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی شواہد کی مدد سے موٹر سائیکل لفٹر جانسن اقبال مسیح کو گرفتار کیا، جبکہ چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔
تھانہ سپر مارکیٹ کی کارروائی میں دو اسٹریٹ کرمنلز عارف اور محمد زاہد کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے نقدی اور اسلحہ برآمد ہوا۔
تھانہ ایف بی انڈسٹریل ایریا نے حمید اللہ مینگل کو گرفتار کیا، جس سے پستول، موبائل فونز اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
تھانہ نیو کراچی اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں گٹکا/ماوا فروشی کے خلاف کارروائیوں کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے درجنوں پڑیاں اور نقدی برآمد کی گئی۔
تھانہ پاپوش نگر کی کارروائی میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جن سے 26 گرام آئس (کرسٹل میتھ) برآمد ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
