وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس، 140 ارب روپے کے سڑکوں کے منصوبوں پر تیز عملدرآمد کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) — وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت 140 ارب روپے کے ترقیاتی پورٹ فولیو کا جائزہ لیا گیا۔

کراچی پورٹ میں 24 سال سے رکی ہوئی ترقیوں کا فیصلہ، 170 اہلکاروں کو پروموشن

اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقیات جام خان شورو، وزیر تعمیرات حاجی علی حسن زرداری، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں سڑکوں کے 5 بڑے منصوبوں پر مجموعی طور پر 140.9 ارب روپے لاگت آئے گی، جن پر کام جاری ہے۔

منصوبوں میں سندھ کوسٹل ہائی وے کی توسیع، روہڑی-گڈو بیراج روڈ کی بہتری، مہران ہائی وے کو ڈبل کرنا اور سانگھڑ-روہڑی (N-5) روڈ کی اپگریڈیشن شامل ہے۔ اس کے علاوہ دادو سے ڈوکری تک 84 کلومیٹر طویل ڈوئل کیریج وے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں اب تک 17.94 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں اور کام تیزی سے جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبوں میں تاخیر کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام رکاوٹیں فوری دور کر کے ترقیاتی کام بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس پائپ لائنز اور بجلی کے کھمبوں کی منتقلی کو فاسٹ ٹریک کیا جائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سڑکیں معیشت کی لائف لائن ہیں اور بہتر انفرااسٹرکچر زراعت، صنعت اور ساحلی تجارت کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے تمام ترقیاتی اسکیموں کی سخت نگرانی اور فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!