ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے تھانہ تیموریہ کی حدود میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے باپ اور بیٹے کی سربراہی میں چلنے والے 8 رکنی انتہائی مطلوب اسٹریٹ کرمنل گینگ کو گرفتار کر لیا۔
کراچی ٹریفک پولیس کے افسران کے لیے فائر سیفٹی اور فرسٹ ایڈ کی خصوصی تربیت
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان سے چھینے گئے متعدد موبائل فونز، گھڑیاں، شناختی کارڈز، بیگز، موٹر سائیکلیں اور واردات میں استعمال ہونے والے پستول برآمد کیے گئے۔
گرفتار ملزمان میں منصور احمد (سرغنہ)، فہد منصور احمد، محمد عبید، مزمل، محمد عرفان، نعمان، عمران علی اور محمد زبیر شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ یہ کارروائی ایس ایچ او تھانہ ایف بی انڈسٹریل ایریا، ایس ایچ او تیموریہ اور ٹیکنیکل اسٹاف پر مشتمل ٹیم نے کی، اور ملزمان کو ایک کرائے کے مکان سے گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق منصور احمد گینگ کا سرغنہ ہے جو اپنے بیٹے فہد کے ساتھ مل کر گروہ کو منظم انداز میں چلاتا تھا، جبکہ فہد مختلف وارداتوں میں براہِ راست حصہ لیتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ گزشتہ چند ماہ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 100 سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزمان خاص طور پر رات 1 سے 3 بجے کے دوران شہریوں کو نشانہ بناتے تھے اور واردات کے دوران موبائل فونز کے پاس ورڈ بھی زبردستی حاصل کرتے تھے۔
مزید انکشافات کے مطابق گینگ کے بعض ارکان چھینے گئے موبائل فونز کی خرید و فروخت میں بھی ملوث تھے، جبکہ عمران نامی ملزم موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی تبدیل کر کے انہیں مارکیٹ میں فروخت کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق برآمد شدہ موبائل فونز اور شناختی کارڈز کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ مزید متاثرہ شہریوں سے رابطے کا عمل جاری ہے۔
